دھلے:5جولائی (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر کے دھولیہ ضلع میں بچہ چوری کے شک میں بھیڑ کی طرف سے پانچ افراد کی پیٹ پیٹ کر بے رحمانہ قتل کرنے کے معاملے میں اہم ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ دھولیہ کے پولس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ مہارو پوار (22) کو کل پڑوسی نندوربار ضلع سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کے واقعہ کے بعد سے پوار فرار تھا اور وہ نندوربارمیں چھپا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم اس کی تلاش کر رہی تھی اور ٹیم نے اسے پکڑ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر واقعہ کا جو ویڈیو وائرل ہوا تھا اس میں پوار مبینہ طور پر بھیڑ کی قیادت کرتے اور پانچوں افراد کی لاٹھی ڈنڈوں سے بے رحمانہ پٹائی کرتے دکھائی دے رہا ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ پوار اس معاملہ میں گرفتار 24 واں شخص ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اور ملزمان کو پکڑ دھکڑ کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔